غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے میں حملے جاری ہیں، تازہ کارروائیوں میں بچی سمیت مزید 10 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر مذاکرات سے انکار کے بعد اسرائیل نے فلسطینیوں پر زمین مزید تنگ کر دی، صہیونی فورسز نے خان یونس میں ناصر ہسپتال پر ٹینکوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 13 سالہ بچی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب رفاہ میں عمارت پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، ادھر مغربی کنارے میں بھی 5 شہری اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے، دونوں حملوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں، غزہ کا الشفا ہسپتال مکمل طور پر مریضوں سے بھر گیا، بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں غذائی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، 23 لاکھ آبادی کا نصف بھوک سے مر رہا ہے، غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدت کی وجہ سے انسانی غذا کی فراہمی تاخیر کا شکار ہے، رفاہ میں فلسطینیوں کی کھانا لینے کیلئے قطاریں لگی ہیں۔