عراق اور شام کے بعد امریکا اور برطانیہ کے یمن پر فضائی حملے

Published On 04 February,2024 08:46 am

صنعا:(دنیانیوز/ویب ڈیسک ) عراق اور شام کے بعد امریکی و برطانوی افواج نے یمن پر نئے فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

امریکا اوربرطانیہ نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے  کہ یمن میں فضائی حملوں کےدوران حوثی ملیشیا کے 36 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، حملوں میں حوثی میزائل سسٹم ، لانچرز اور ہتھیاروں کے ذخائرکوتباہ کیاگیا۔

حوثی فوج نے حملوں کےخلاف سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں کاجواب بڑا دردناک ہوگا، حو ثیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیلی مدد کوآنےوالے جہازوں پرحملے مزید تیز کرنے کا اعلان کردیا ۔

حو ثی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ خطے میں صیہونی اجارہ داری کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے اور اس کیلئے جتنی بھی قر بانیاں دینی پڑ یں ،اپنےمقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل پرحماس کے اچانک حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر مستقل بمباری سے مشرق وسطیٰ میں اس تنازع کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ یہ اجتماعی کارروائی حوثیوں کو واضح پیغام دیتی ہے کہ اگر وہ بین الاقوامی جہاز رانی اور بحری جہازوں پر اپنے غیر قانونی حملے بند نہیں کرتے تو مزید نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

قبل ازیں جمعے کو امریکہ نے عراق اور شام میں ایران کے پاسداران انقلاب اور اس سے منسلک ملیشیاؤں کے 85 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے تھے جن میں مبینہ طور پر تقریباً 40 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ان حملوں کی ایران اور عراق نے مذمت کی تھی۔

ادھرروس کی جانب سے بھی عراق اور شام پر امریکی حملوں کی شدیدمذمت کی گئی ہے ، روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطی میں امریکی حماکتیں بڑے ممالک کو جنگ میں جانے پر مجبور کر رہی ہیں، امریکی حملوں سےخطے میں جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں ، یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہیں ،جن کو یو این سکیورٹی کونسل میں اٹھایا جائے گا۔