نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا کی براؤن یونیورسٹی کے طلباء نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھوک ہڑتال کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بربریت بند کروانے کیلئے بھوک ہڑتال کرنے والے 19 طلباء میں مسلم اوریہودی طلباء بھی شامل ہیں۔
طلباء کی جانب سے غیر معینہ مدت تک کلاسوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہےکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث کمپنیوں سے تعلق ختم کیاجائے۔
علاوہ ازیں طلباء کی جانب سے اسرائیلی حمایتی کارپوریشن سے رابطہ منقطع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 27 ہزار 365 ہوگئی ہے جبکہ 66 ہزار 630 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ہسپتالوں کے اطراف بھی وحشیانہ حملے جاری ہیں، بمباری سے الشفا ہسپتال میں مریض اور عملہ شدید خوف کا شکار ہے۔