ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے غزہ میں امداد حاصل کرنے والے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کی جبکہ امریکا نے واقعے کو سنگین قرار دے دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے النابلسی شاہراہ پر بڑی تعداد میں فلسطینی شہری امدادی اشیاء وصول کرنے کیلئے قطاروں میں کھڑے تھے کہ اچانک اسرائیلی فوج کی جانب سے ان پر حملہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد شہید جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے، صیہونی فورسز نے لڑاکا ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ : پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی حملے، 100 فلسطینی شہید
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت اور کسی بھی طرح سے کی جانے والی قانون کی خلاف ورزیوں کو مسترد کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل کو عالمی انسانی قانون کا احترام کرنے کا پابند بنانے کیلئے واضح اور مضبوط موقف اختیار کرے۔
سعودی عرب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والوں کی فوری طبی امداد کیلئے انسانی بنیادوں پر راستوں کو کھولا جائے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر طبی امدادی کاموں کا آغاز کیا جا سکے، مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
خوراک کیلئے جمع فلسطینیوں پر حملے کا معاملہ دیکھ رہے ہیں: جوبائیڈن
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی فورسز کے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوراک حاصل کرنے کیلئے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر حملے اور ہلاکتوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، واقعے سے لگتا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق بات چیت پر برا اثر پڑ سکتا ہے تاہم ابھی وہ اس بارے میں معلومات لے رہے ہیں اور اس چیز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں پر گولیاں چلانا سنگین واقعہ ہے، امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں، بے گناہ فلسطینی صرف اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے کی کوشش کر رہے ہیں، خوراک کیلئے جمع لوگوں پر فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا غزہ میں فوجی طیاروں کے ذریعے امداد پہنچانے پرغور
میتھیو ملر نے کہا کہ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل نے 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا، ہلاکتوں بارے تحقیقات کو مانیٹر کریں گے اور اسرائیل سے جواب لیں گے، غزہ کی سنگین انسانی صورتحال کو تسلیم کرتے ہیں، غزہ کی فضائی فوٹیج سے واضح ہوتا ہے زمینی صورتحال کتنی مایوس کن ہے، عارضی جنگ بندی، خوراک کی ترسیل میں اضافے کی فوری ضرورت ہے۔