دبئی :(دنیا نیوز )متحدہ عرب امارات میں یوکرین سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے چند گھنٹے بعد روزے کی حالت میں انتقال کرگئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق داریا کوٹسارینکو نامی یوکرائنی خاتون بطورِ سیاح متحدہ عرب امارات آئی تھیں، اُنہوں نے یہاں سیاحت کے ساتھ ساتھ اپنے لیے نوکری بھی تلاش کرنا شروع کردی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں داریا کوٹسارینکو کو نہ صرف بہترین کیریئر کے مواقع ملے بلکہ وہ دینِ اسلام کی خوبصورتی اور سادگی سے بھی بےحد متاثر ہوئیں اور اُنہوں نے 28 مارچ کو یہاں اسلام قبول کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام قبول کرنے سے قبل داریا کوٹسارینکو کا تعلق مسیحی مذہب سے تھا جبکہ جس وقت اُن کا انتقال ہوا تو وہ روزے کی حالت میں تھیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے چند گھنٹے کے بعد ہی خاتون کو دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے اُن کا انتقال ہوا۔
جنازہ کیلئے یو اے ای کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ خاتون کا دبئی میں کوئی رشتہ دار موجود نہیں تھا، وہ یہاں اکیلی ہی رہ رہی تھیں، تاہم نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں نے شرکت کی۔