دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں ایک خوفناک سڑک حادثے میں بھارتی مسلم خاندان کے 4 بچے اور ملازمہ جاں بحق ہو گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ دلخراش حادثہ ابوظہبی دبئی ہائی وے کے قریب الشہامہ میں پیش آیا، بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ خاندان کی گاڑی لیوا فیسٹیول سے دبئی واپس آ رہی تھی۔
حادثے میں والدین اور ایک بچہ محفوظ رہے جو کہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں جبکہ ان کے 4 بیٹوں کا انتقال ہوگیا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان ہیں جبکہ ملازمہ کی عمر 48 سال تھی، بچے دبئی کے سکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
جاں بحق بچوں کو متحدہ عرب امارات میں دفن کردیا گیا ہے جبکہ ملازمہ کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر کیرالہ بھیج دیا جائے گا، حکام نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



