ریاض: (دنیا نیوز) غزہ کے بحران کے حل کیلئے او آئی سی کی طرف سے تشکیل کردہ عرب، اسلامی ممالک کی مشترکہ وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
وزرائے خارجہ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی، اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی، مصری وزیر خارجہ سامح شکری، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم اجلاس میں شریک ہوئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی کے علاوہ اسرائیل پر پابندیاں لگانے کی فوری ضرورت پر زور دیا، اجلاس کے موقع پر شرکاء نے غزہ میں انسانی امداد کیلئے محفوظ راہداری کھولنے، فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے رفاہ میں کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پامالی پر اسرائیل کو ہر طرح کے اسلحہ کے حصول پر پابندی عائد کی جائے۔