ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جنگ کے دوران انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے جمعرات کو بحرین میں ہونے والے 33 ویں عرب سربراہی اجلاس کی تیاریوں کی سلسلے میں منعقدہ افتتاحی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جنگی مشین اپنی جارحیت اور تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ بین الاقوامی احتسابی میکانزم فعال نہ ہونے کی وجہ سے قوانین اور اصولوں کی پرواہ کیے بغیراسرائیل نے غزہ کی پٹی میں بڑے پیمانے پر جارحیت میں اضافہ کر دیا، اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی قوانین اور اداروں کی ساکھ کو کمزور کیا، بین الاقوامی اداروں نے امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں مکمل طور پر نااہلی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب نے فلسطینی عوام پر اندھا دھند حملوں کے آغاز سے ہی برادر اور دوست ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیلی جنگ روکنے کیلئے کام کیا تاکہ وحشیانہ حملوں کو روکنے اور اس کے اثرات کو محدود کرنے کیلئے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں، سعودی عرب نے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی۔