ریاض : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران ہیٹ ویو سے جاں بحق حاجیوں کی تعداد 922 تک پہنچ گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے دوران گرمی سے جاں بحق ہونے والے حاجیوں کی تعداد 922 تک جا پہنچی ہے۔
اس حوالے سے عرب سفارتکار کا کہنا ہے کہ جاں بحق مصری حاجیوں کی تعداد ہی کم از کم 600 تک ہے۔
فرانسیسی خبرایجنسی کے مطابق جاں بحق دیگر حاجیوں کا تعلق اردن، انڈونیشیا، ایران، سینیگال، تیونس اور عراق سے ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان ملکوں کے حاجیوں کی اموات ہیٹ ویو ہی سے ہوئی یا نہیں۔ اردن کے 20 لاپتا حاجیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس سال 18 لاکھ افراد نے حج کا فریضہ انجام دیا، حج کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سعودی عرب نے اموات سے متعلق معلومات نہیں دی ہیں تاہم اتوار کو کہا گیا تھا کہ گرمی کی وجہ سے 2700 افراد تھکن میں مبتلا ہوئے تھے۔
ایک خبر ایجنسی کے مطابق ہیٹ ویو سے جاں بحق حاجیوں کی اکثریت ان افراد پر مشتمل ہے جنہوں نے خود کو حج کیلئے رجسٹرڈ نہیں کرایا تھا اس کی وجہ سے وہ ائیرکنڈیشنڈ مقامات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے تھے۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ موسمیات نے رواں برس حج سیزن کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کر رکھی تھی اور اسی مناسبت سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عازمین کے لیے جگہ جگہ پانی کے فواروں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔