واشنگٹن: (ویب ڈیسک )امریکی صدر جوبائیڈن نے انتخابی مہم بحال کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے سے جو بائیڈن کو روکنے کی مہم بھی تیز ہوگئی، ایوان نمائندگان کے پانچ اراکین اور مزید ایک سینیٹر نے بائیڈن سے دوڑ سے باہر ہونے کا مطالبہ کردیا۔
بائیڈن کی مخالفت کرنے والے ڈیموکریٹ کانگریس پرسنز کی تعداد 28 تک جا پہنچی۔
نائب صدر کاملا ہیریس بڑے ڈیموکریٹ ڈونرز سے آج اہم بات چیت کریں گی، امریکی میڈیا کے مطابق کاملا ہیریس کے لیے ڈیموکریٹ ڈونرز کو بائیڈن کی جیت کی یقین دہانی کرانا دشوار ہوگیا۔
کاملا ہیریس نے ڈونرز کو باور کرانے کی کوشش کی کہ زیادہ پریشانی کی بات نہیں تاہم زیادہ تر ڈونرز نے کہا کہ کاملا ہیریس کی بات میں زیادہ وزن نہیں۔
امریکی نائب صدر کی بات چیت بائیڈن پر دستبردار ہونے کے لیے بڑھتے دباؤ کے موقع پر ہوئی۔
اکثر ڈیموکریٹس کا خیال ہے کاملا ہیریس ہی بائیڈن کی متبادل ہوں گی۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر جوبائیڈن نے آئندہ انتخابات میں صدارت کی دوڑ سے دستبردار ہونے پر غور شروع کر دیا ہے۔