اسرائیل کا خان یونس میں تیسرا آپریشن، بمباری میں 84 فلسطینی شہید، 329 زخمی

اسرائیل کا خان یونس میں تیسرا آپریشن، بمباری میں 84 فلسطینی شہید، 329 زخمی

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے مشرقی علاقے خان یونس کی رہائشی عمارتوں اور بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 84 نہتے فلسطینی شہید جبکہ 329 زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والے ملبے کے نیچے 30 سے زائد افراد دبے ہوئے ہیں، تازہ حملوں کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار 90 ہو گئی جبکہ 90 ہزار 147 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی افواج نے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو دوبارہ جبری بے دخلی کا حکم دے دیا جبکہ اسرائیلی فورسز کو غزہ کے 80 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل ہو گیا ہے، قبضے کے بعد لاکھوں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی حملے جاری ہیں، غزہ شہر میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کا قافلہ اسرائیلی حملے کی زد میں آیا جبکہ غزہ میں ہی حملوں کے نتیجے میں مزید دو اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہو گئے جن کی ہلاکت کی اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ہے۔