تل ابیب: (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی رات مشرق وسطیٰ میں کہیں بھی فضائی یا میزائل حملہ نہیں کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسرائیلی فوج کے منگل کی رات لبنان میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر فواد شکر مارا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تاہم جس دن یعنی بدھ کو اسماعیل ہانیہ کا قتل ہوا اس دن ہماری افواج نے مشرق وسطیٰ میں کہیں بھی فضائی یا میزائل حملہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں سابق فوجیوں کے لیے بنائی گئی پاسداران انقلاب کی ایک محفوظ ترین عمارت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو پراسرار انداز میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایران اور حماس نے حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے تاہم اسرائیل نے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی جبکہ کسی اور گروپ کی جانب سے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
پاسداران انقلاب اور ایران کی دیگر خفیہ ایجنسیاں تاحال اس پراسرار حملے کا سراغ نہیں لگا پائیں۔
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے کمرے میں بم نصب کیا گیا تھا، دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ اسماعیل ہانیہ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔