غزہ: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے غزہ میں انسداد پولیو کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی نے بتایا کہ غزہ میں صحت اور انسانی ضروریات کو پورا کرنے میں سعودی عرب کا اہم کردار سامنے آیا ہے، یہ امداد کے سب سے بڑے حامیوں میں سے ایک کے طور پر کام کر رہا ہے، سعودی عرب کا کردار غزہ کی پٹی میں پولیو کے کیسز کی دریافت سے پہلے سے موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2024ء سے سعودی عرب نے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ریلیف اینڈ ایکشن سینٹر کے ذریعے عالمی ادارہ صحت کو بحران سے نمٹنے کے لئے اور زندگی بچانے والے ہنگامی طبی سامان کی فراہمی کے لئے 10 ملین ڈالر کی فراخدلانہ گرانٹ فراہم کی ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب تنازعات والے علاقوں میں انسانی اور صحت کے چیلنجز بڑھ رہے ہیں سعودی عرب عالمی امدادی کوششوں کا بڑا اہم حامی بن کر ابھر رہا ہے، غزہ میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد سعودی عرب کا جذبہ فراخدلانہ امداد فراہم کرنے میں عیاں ہے۔
سعودی عرب نے غزہ میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی کوششوں میں مدد کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم فراہم کی، یہ اقدام تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے، یہ اقدام عالمی ادارہ صحت کی حفاظت کو مضبوط بنانے میں ممالک کے مؤثر کردار کو اجاگر کرتا ہے۔