کشمیریوں کی زندگیوں میں بڑھتی مداخلت، قابض فوج کو نئے مشین پستول فراہم کردیے گئے

Published On 07 November,2024 10:32 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج کو ایک نیا مشین پستول ''اسمی'' فراہم کردیا گیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ’اسمی‘ جدید پستول کے ساتھ ساتھ ایک سب مشین گن کا کام بھی کرتا ہے، یہ گھر وں پر چھاپوں اور تلاشی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا جائے گا۔

اسمی کو کرنل پرساد بنسود نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او)کے تعاون سے ڈیزائن کیا اور اسے ’لوکیش مشینز‘ نے تیار کیا ہے۔

مذکورہ پستول کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آپریشنز کے لیے فوج کی شمالی کمان میں ایک اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے،تاہم اس کی شمولیت سے شہریوں کی حفاظت پر اس کے اثرات کے حوالے سے مقامی لوگوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیرکی اسمبلی نے دفعہ 370کی بحالی کے لئے قرارداد منظورکرلی ہے، قرارداد کا مقصد ان خصوصی آئینی شقوں کو بحال کرانا ہے جن کے تحت جموں و کشمیر کو خود مختاری حاصل تھی۔

بھارتی حکومت نے دفعہ 370 کو 5اگست 2019 کو یکطرفہ طور پر منسوخ کیا تھا، بی جے پی کے ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ ارکان اسمبلی کی اکثریت نے قرارداد کی حمایت کی ہے۔