غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی غزہ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 20 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج جنگی جنون میں عالمی اخلاقی قوانین بھول گئی، صحافیوں پر بھی حملے جاری ہیں، غزہ میں اسرائیل کا القدس ٹی وی کی گاڑی پر حملہ کیا جس میں 5 صحافیوں سمیت کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔
وسطی شہر نصیرات میں پناہ گزین کیمپ کے باہر کھڑے ٹرانسمیشن ٹرک کو اسرائیلی میزائل نے نشانہ بنایا گیا، غزہ کے جنوب میں گھر پر حملہ کیا گیا جس میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کمال عدوان ہسپتال کے سامنے ڈرون حملے میں خاتون شہید ہوگئیں، جنوبی غزہ میں نقل مکانی کرنے والے کیمپ میں تین فلسطینی بچے ہائپوتھرمیا کی وجہ سے شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی ، خوراک، پانی اور سردیوں کے ضروری سامان پر اسرائیل کی ناکہ بندی جاری ہے، مقبوضہ مغربی کنارے میں تلکرم پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کارروائی میں خواتین اور نوجوانوں سمیت 8 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 45 ہزار 385 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔