ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں چین کے نئے سال کی تقریبات جاری ہیں، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیاگیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کے ام الامارات پارک میں منعقدہ بڑی ثقافتی تقریب کا اہتمام چینی سفارت خانے اور چائنا میڈیا گروپ نے کیا، دبئی میں چین کے نئے سال کی تقریبات 24 جنوری کو شروع ہوئیں اور 2 فروری تک جاری رہیں گی۔
یہ تقریبات چینی قونصل خانے کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہیں اور ان میں 6بڑے ایونٹس شامل ہیں جن میں الیکٹرک کاروں کی نمائش اور لینٹرن فیسٹیول نمایاں ہیں۔
لینٹرن فیسٹیول چینی سپرنگ فیسٹیول کا اہم حصہ ہے جو چین کے سب سے بڑے روایتی تہواروں میں شمار ہوتا ہے، دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ نے چینی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا ہے جن میں تفریح، خریداری اور ثقافتی سرگرمیوں کا منفرد امتزاج پیش کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر 50 ہزار درہم تک کے انعامات کی پیشکش کی گئی ہے جس میں لگژری کاریں بھی شامل ہیں، مشہور برانڈز فیشن، کاسمیٹکس اور الیکٹرانکس پر خصوصی رعایت دے رہے ہیں جو خریداری کے شوقین افراد کے لیے سنہری موقع ہے۔