نئی دہلی: (دنیا نیوز) پہلگام فالز فلیگ، ایک اور بھارتی ایم ایل اے نے بی جے پی کے عزائم کو بے نقاب کر دیا، راشٹریہ جنتا دل کے بہار کے ایم ایل اے چندر شیکھر یادو نے پہلگام حملے پر سوال اٹھا دئیے۔
ذرائع کے مطابق چندر شیکھر یادو نے کہا دھرم پوچھ کر مارنے کی ہمت اس دیش میں کسی کو نہیں ہے، یہ نفرت پھیلانے کا بہانہ ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو پہلگام میں مسلمان اس گولی کے شکار نہیں بنتے۔
چندر شیکھر یادو نے کہا کہ پہلگام حملے میں ایک مسلمان نے زخمی کو کندھے پر لاد کر 20 کلومیٹر تک لے جا کر جان بچائی، اس واقعے میں ان 26 میں ایک مسلمان بھی مارا گیا، پہلگام حملہ مسلمانوں کیخلاف بی جے پی کے منافقوں کا کھیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ مذہب اور ذات کا پوچھیں، اگر ایسا تھا تو مسلمان کیسے مارا گیا، نفرت پھیلانے والی بی جے پی لوگوں کو اصلی مدعے سے بھٹکا کر گمراہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
چندر شیکھر یادو کا کہنا تھا کہ چونکہ بہار میں ابھی الیکشن ہیں، اس لیے بی جے پی بہار میں نفرت انگیز ماحول بنا رہی ہے، بی جے پی والے مداحوں کو پاکھنڈ اور عقیدت کے بہانے بہکا کر بی جے پی کو مضبوط کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا جو مقصد ہے نفرت پھیلا کر ووٹ حاصل کرنے کا اس مقصد کو ہمیں ناکام بنانا ہے، مسلمانوں کیخلاف نفرت کی سیاست کرنا مودی کی ذہنی پستی کو ظاہر کرتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے میں اب تک مودی اور اس کے حواریوں نے سوائے الزام تراشیوں کے کوئی کام نہیں کیا، چندر شیکھر کی باتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مودی بھارت میں مسلمانوں کو ہدف بنا رہا ہے۔