نیویارک : (ویب ڈیسک) مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دست راست ایلون مسک کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کا امیر ترین آدمی امریکی بیرونی بجٹ میں کمی کرتے ہوئے دنیا کے غریب ترین بچوں کو قتل کر رہا ہے۔
فنانشل ٹائمز سے گفتگو میں 69 سالہ ارب پتی بل گیٹس نے اپنی تمام دولت فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا فلاحی ادارہ 2045ء تک 200 ارب ڈالر خرچ کرے گا اور وہ اپنی تمام قیمتی مصنوعات فلاحی کاموں کی مد میں خرچ کرنے کیلئے تیزی لا رہے ہیں۔
بل گیٹس نے مزید کہا کہ تمام جائیداد فلاحی کاموں میں خرچ کرنے سے کئی اہداف حاصل ہوں گے، پولیو اور ملیریا جیسے امراض کا خاتمہ، خواتین اور بچوں کی قابل علاج امراض کی وجہ سے ہونے والی اموات روکنا اور دنیا میں غربت کا خاتمہ ہو سکے گا۔
ٹیک آئیکون کی جانب سے فلاحی کاموں میں تیزی لانے کا اعلان ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے دنیا بھر میں موذی امراض اور قحط روکنے کیلئے استعمال ہونے والے حکومتی امدادی فنڈز کی کٹوتی کے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے فنڈز کی کٹوتی دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی سربراہی میں کی جا رہی ہے اور یوایس ایڈ پروگرام کے تحت ہونے فلاحوں کاموں میں تقریباً 80 فیصد کمی لائی جائے گی۔