پاک بھارت کشیدگی : غیور سکھوں کا مودی سرکار کے خلاف کھڑے ہونے کا اعلان

Published On 09 May,2025 07:05 pm

نئی دہلی :(دنیا نیوز) پاکستان پر حملے کے بعد غیور سکھوں نے بھارت کے خلاف کھڑے ہونے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی سکھ برادری کا کہنا ہے کہ مودی کا جعلی میزائل حملوں کے لیے پنجاب کی سرزمین کا انتخاب کیا، مودی کی چالبازی اور جھوٹے حملوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی جھوٹی سازشیں بے نقاب کریں گے، پاکستان پر الزام تراشیوں اور مودی کی ساکھ بچانے کیلئے پنجاب کی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

بھارتی سکھوں کا مودی کے جنگی عزائم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مودی کو فالز فلیگ کیلئے پنجاب کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مودی اپنے مذموم عزائم اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ بچانے کیلئے ہماری زمین استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پنجاب کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی تو سخت ردِعمل ہوگا، ہم مودی حکومت کے فالز فلیگ کا حصہ نہیں بنیں گے، بھارتی سکھوں نے مودی کے من گھڑت بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب کے سکھ بھی جان چکے ہیں کہ مودی اپنے مذموم مقاصد کے لیے پنجاب کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔