ہنوئی: (دنیا نیوز) ویتنام میں خوفناک بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 90 تک پہنچ چکی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی اور وسطی ویتنام میں سیلاب سے تباہی ہر گھنٹے شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، مسلسل بارشیں پورے خطے کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں، ڈیک لاک صوبہ موت کے شکنجے میں ہے جہاں مسلسل خراب ہوتا موسم 16 نومبر سے اب تک 63 زندگیاں نگل گیا ہے۔
سیلابی ریلے گھروں کو روندتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، بستیاں صفحۂ ہستی سے مٹ گئیں، ریسکیو اہلکار جان پر کھیل کر ملبے اور پانی میں لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ہزاروں شہری محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ کھانے، پانی اور پناہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
ویتنام کے 5 صوبے شدید تباہی کے نرغے میں ہیں، معیشت کو زبردست دھچکا لگ چکا ہے، خسارہ 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر چکا جبکہ نقصانات کا تخمینہ ہر گھنٹے بڑھ رہا ہے۔



