تباہ کن سیلاب نے تین ایشیائی ممالک کو لپیٹ میں لے لیا، ہلاکتیں 321 سے متجاوز

Published On 28 November,2025 06:00 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) تباہ کن سیلاب نے تین ایشیائی ممالک کو لپیٹ میں لے لیا، ہلاکتیں 321 سے تجاوز کر گئیں۔

تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور سری لنکا میں رواں سال شدید بارشوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، تینوں ممالک میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر تباہ، سیکڑوں خاندان عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے۔

انڈونیشیا کے جزیرہ سماٹرا میں میں سب سے زیادہ 174 ہلاکتیں ہوئی ہیں، سماٹرا میں 79 افراد اب بھی لاپتہ ، ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ میں سیلابی صورتحال بگڑ گئی، مرنے والوں کی تعداد 87 ہوگئی، جنوب مشرقی تھائی لینڈ میں مسلسل بارشوں سے بڑے شہر بدستور زیر آب ہیں۔

سری لنکا میں طوفان دتوا کے باعث بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے خطرہ بڑھا دیا، سری لنکا میں 60 ہلاکتیں ہوئیں، متعدد علاقوں میں درجنوں افراد لاپتہ ہوئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امدادی ٹیموں کی کوششیں جاری، مسلسل بارشیں تینوں ممالک میں خطرات بڑھا رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں مزید موسم بگڑنے کی پیشگوئی اور الرٹ جاری کر دیئے گئے۔