جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 600 سے زائد ہو گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے مجموعی طور پر 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، انڈونیشیا میں جان گنوانے والوں کی تعداد 442، تھائی لینڈ میں 170 جبکہ ملائیشیا میں 2 ہے، آبنائے ملاکا میں بننے والا سمندری طوفان مسلسل ایک ہفتے تک تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کا سبب بنا۔
انڈونیشیاکے مغربی صوبے سماٹرا میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب سے 3 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے، ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں امدادی سامان پہنچا رہی ہیں۔
مغربی سماٹرا کے شہر پادانگ کی 41 سالہ خاتون افری آنتی نے بتایا کہ پانی اچانک گھر میں داخل ہو گیا، ہمیں ڈر لگا تو ہم بھاگ گئے، جب واپس آئے تو گھر تباہ ہو چکا تھا، اب صرف ایک دیوار باقی ہے، اسی کے پاس خیمہ لگا کر رہ رہے ہیں، دکان بھی تباہ ہوگئی، ہمارا کچھ نہیں بچا۔
انڈونیشیا میں اب تک 289 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 2 لاکھ 13 ہزار بے گھر ہوچکے ہیں، تھائی لینڈ کے صوبہ سونگکھلا میں سب سے زیادہ 131 اموات ہوئیں، شہر ہاٹ یائی میں گزشتہ جمعے کو 335 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 300 سال میں ایک دن کی سب سے زیادہ بارش ہے، ملائیشیا میں اب بھی 24 ہزار 500 افراد امدادی کیمپوں میں موجود ہیں۔



