کولمبو: (دنیا نیوز) جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور سری لنکا میں ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔
انڈونیشیا میں ہلاکتیں بڑھ کر 604 ہو گئی ہیں اور 464 افراد لاپتہ ہیں، سری لنکا میں 335 افراد ہلاک اور 400 سے زائد لاپتہ ہیں، سری لنکا میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کے جنوبی حصے میں سیلاب سے 176 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ملائیشیا کی ریاست پرلس میں بھی کم از کم 16 افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی۔
موسلا دھار بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے ہزاروں گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے، سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے 40 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔
خبرایجنسی کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں امدادی سامان پہنچا رہی ہیں۔



