کولمبو: (دنیا نیوز) ایشیائی ممالک میں سیلاب، طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہفتے میں ایک ہزار 250 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں شدید بارشوں سے سیلاب آیا جہاں ہلاکتوں کی تعداد 700 تک پہنچ گئی ہے، سری لنکا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی کے باعث 390 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، تھائی لینڈ میں سیلابی ریلوں نے درجنوں بستیوں کو ڈبو دیا جبکہ یہاں 176 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملائیشیا میں بارشوں سے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور متعدد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، ایشیائی ممالک میں قدرتی آفات کے نتیجے میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے جبکہ گھروں اور بنیادی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
مذکورہ ممالک میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں مگر خراب موسمی صورت حال کے باعث دشواریاں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں، ماہرین موسمیاتی تبدیلی کو بارشوں، سمندری طوفانوں اور سیلاب کی شدت کا بڑا سبب قرار دے رہے ہیں۔



