واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی قیادت تبدیل کر نے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کی قیادت کیلئے ماریہ کورینا کے نام پر غور کرنا ہوگا، اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات ہم چلائیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے صدر کو ایک ہفتہ پہلے بتایا تھا کہ سرنڈر کرنا ہوگا، صدر مادورو کا انتخاب شرمناک تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ میں اتنے زیادہ لوگ نہیں کھوئے جتنے منشیات سے کھوئے، یہ منشیات کے خلاف جنگ ہے، ہم ہر سال 3 لاکھ لوگ کھو رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی قوم امریکا کی طرح ایسی کارروائی نہیں کر سکتی، ہم نے بڑی کامیابی سے وینزویلا کے صدر کو گرفتار کیا، میری ہدایت پر فوج نے وینزویلا میں کارروائی کی۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکی فوج نے وینزویلا میں تاریخ کا بہترین آپریشن کیا، بڑی مقدار میں منشیات کی سمگلنگ کی جاتی تھی، آپریشن کیلئے زمینی، فضائی اور بحری راستہ استعمال کیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ آپریشن کے دوران کارکس کی بجلی بند کر دی گئی تھی، امریکا کو آج دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نکولس کو اہلیہ کے ہمراہ گرفتارکیا گیا، نکولس کو نیویارک میں عدالت کا سامنا کرنا ہوگا، وینزویلا کے معاملات امریکا چلائے گا، اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات ہم چلائیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا پر دوسرے حملے کیلئے بھی تیار ہیں، ویسے وینزویلا پر ہمارا پہلا حملہ ہی کامیاب رہا، دوسرے کی ضرورت نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے عوام آزاد اور خودمختار ہیں، ہم وینزویلا کے عوام کی بہتری چاہتے ہیں، وینزویلا کے عوام پر کسی کو ظلم نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں زیادہ تر منشیات وینزویلا سے ہی آرہی تھیں، نکولس کے جرائم کو عدالت کے روبرو بیان کیا جائے گا، نکولس کومعلوم ہو چکا تھا امریکی بحری بیڑے قریب آچکے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی آئل کمپنیز وینزویلا جائیں گی، ہم اپنے شہریوں کا تحفظ چاہتے ہیں، ہر طرح سے امریکا کو محفوظ بنائیں گے، آپریشن کے دوران ہمارا کوئی فوجی نہیں مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی آئل کمپنیاں وینزویلا میں داخل ہو کر تیل کے بڑے ذخائر سے فائدہ اٹھائیں گی، اربوں ڈالر لگا کر وینزویلا کا تباہ شدہ آئل انفراسٹرکچر ٹھیک کریں گے، وینزویلا کے تیل پر امریکی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا میں آپریشن کا مقصد ڈکٹیٹر مادورو کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے، جو امریکی سلامتی کے خلاف اقدامات کرتے ہیں وہ یہ آپریشن دیکھ لیں، جو مادورو کے ساتھ ہوا، وہ دوسروں کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا تیل کی آمدن منشیات اور دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے، امریکا کے پاس وینزویلا کے صدر کیخلاف جرائم کے شواہد موجود ہیں، وینزویلا صدر نے امریکا کے خلاف مسلسل تشدد اور دہشت گردی کی۔



