ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے، 8 طیارے گرنے کا ذکر کر دیا

Published On 10 January,2026 03:25 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے اور اس جنگ میں 8 طیارے گرنے کا ذکر کردیا۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سمیت 8 جنگیں رکوائیں اور پاکستانی وزیراعظم نے بھی کہا کہ میں نے جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔

وینزویلا کے تیل پر قبضہ نہ کیا ہوتا تو روس اور چین وہاں پہنچ جاتے: ٹرمپ
امریکی صدر نے وینزویلا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا اور امریکا کے پاس دنیا کا 55 فیصد تیل ہے اور روس اور چین وہ تمام تیل خرید سکتے ہیں جو وہ امریکا یا وینزویلا سے چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پرغور کر رہے ہیں، ٹرمپ

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ پیوٹن یورپ سے نہیں امریکا سے ڈرتے ہیں، چین اور روس کے عوام سے پیار کرتا ہوں، پیوٹن اچھے انسان ہیں لیکن انہوں نے مایوس کیا ہے۔

ہم نہیں چاہتے روس یا چین گرین لینڈ جائیں، امریکی صدر
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ نہیں لیتے تو آپ کا اگلا پڑوسی روس یا چین ہوگا، فی الحال گرین لینڈ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور جاری ہے اور گرین لینڈ کے لیے رقم پر ابھی بات نہیں ہو رہی، اس علاقے کے مالی معاملات پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں مداخلت کا مطلب وہاں فوج اتارنا نہیں ہے، امریکی صدر کی وضاحت

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈنمارک پر ڈیل کرنا چاہیں گے، ہم روس اور چین دونوں ممالک کو اپنا پڑوسی نہیں بنا سکتے۔