امریکی صدر ٹرمپ کا ایران میں ایک بار پھر قیادت کی تبدیلی کا اشارہ

امریکی صدر ٹرمپ کا ایران میں ایک بار پھر قیادت کی تبدیلی کا اشارہ

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای اپنے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، خامنہ ای ایران کو تشدد اورجبر کےذریعے کنٹرول کر رہے ہیں، جس کے باعث ایرانی عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ٹرمپ نےمزید کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ان کی طرح ملک چلانا چاہئے تھا تاکہ ایران ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا، موجودہ ایرانی قیادت کی پالیسیاں نہ صرف ملک بلکہ خطے کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ملک کو چلانے کے لیے قیادت چاہے وہ انتہائی نچلی سطح پر ہی کیوں نہ ہو اس کو ملک کے معاملات کو صحیح طریقے سے چلانے پر ایسے توجہ دینی چاہیے جیسا میں امریکہ کے ساتھ کر رہا ہوں، کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں لوگوں کو قتل نہیں کردینا چاہئے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ قیادت احترام پر مبنی ہوتی ہے، خوف اور موت پر نہیں،خامنہ ای کو اپنا ملک صحیح طرح چلانا چاہئے اور لوگوں کو مارنا بند کرنا چاہئے، خراب قیادت کی وجہ سے ایران دنیا میں رہنے کے لیے بدترین جگہ بن چکا ہے۔

قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو احتجاج کے دوران جانی و مالی نقصان اور ایرانیوں کی ساکھ متاثر کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ہم امریکی صدر کو ملک میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی وجہ سے مجرم سمجھتے ہیں۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ نے ٹرمپ کی جانب سے ایرانی عوام پر لگائے گئے الزامات اور بہتان تراشی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزی مختلف تھی کیونکہ امریکی صدر اس میں ذاتی طور پر ملوث تھے، ملک میں حالیہ فتنے کے پیچھے ٹرمپ کا ہاتھ ہے، اسرائیل اور امریکا سے وابستہ ان لوگوں نے احتجاج کے دوران بھاری نقصان پہنچایا اور ہزاروں افراد کو قتل کیا۔