یو اے ای فضائی حدود میں تعطل، سپلائی چین کے متبادل آپریشنز جاری

یو اے ای فضائی حدود میں تعطل، سپلائی چین کے متبادل آپریشنز جاری

لاجسٹکس شعبے سے وابستہ حکام کے مطابق متبادل فضائی روٹس، ری شیڈیولنگ اور ملٹی موڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعے سپلائی چین کو فعال رکھا گیا ہے، ایئر کارگو ٹرمینلز اور بندرگاہی نظامِ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں جبکہ ترجیحی بنیادوں پر ضروری سامان کی ہینڈلنگ جاری ہے۔

سرکاری اور صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کا بندرگاہی اور فری زون انفراسٹرکچر موجودہ صورتحال میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، قومی کیریئرز کے کارگو ڈویژنز اور سمندری نیٹ ورکس کے ذریعے سامان کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے، بعض پروازوں اور شپمنٹس کے شیڈول میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے تاکہ سپلائی میں مکمل تعطل نہ آئے۔

حکام کے مطابق طبی سامان، صنعتی خام مال اور ہنگامی ضروریات کی اشیا کو ترجیحی بنیادوں پر منتقل کیا جا رہا ہے، بعض روٹس پر وقتی تاخیر یا لاگت میں محدود اضافہ ممکن ہے تاہم بڑے پیمانے پر سپلائی چین متاثر ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی، کارگو آپریٹرز اور فریٹ فارورڈرز اپنے آپریشنل پلانز کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق صورتحال کا جائزہ جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید آپریشنل اقدامات کیے جائیں گے، تاجروں اور درآمد کنندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ لاجسٹکس کمپنیوں اور سرکاری ذرائع سے رابطہ رکھیں۔