دنیا
خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان خطے کی تازہ سکیورٹی صورتحال پر اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ فوجی کشیدگی، علاقائی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سفارتی کوششیں ضروری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے مربوط سفارتی رابطے اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
مبصرین کے مطابق اس سطح کا سفارتی رابطہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران اہم سمجھا جا رہا ہے اور اسے علاقائی استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔