خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والے مختلف قومیتوں کے افراد کی عیادت کی۔
سرکاری بیان کے مطابق صدر نے زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ زخمیوں کی حالت معلوم کرنے، ان کے علاج کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی نگرانی کے لیے کیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمی افراد ان حملوں میں متاثر ہوئے تھے جنہوں نے ریاست کی سرزمین کو نشانہ بنایا تھا۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے بات چیت کی جن میں اماراتی، پاکستانی، بھارتی، ایرانی اور سوڈانی شہری شامل تھے۔ انہوں نے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے ملک میں اور اپنے لوگوں کے درمیان ہیں، آپ کی سلامتی اور متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہر فرد کی سلامتی ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔
صدر نے اس موقع پر طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے حالات اماراتی معاشرے کے اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ نے صدر کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی قیادت کی جانب سے مقیم افراد کو دی جانے والی توجہ اور دیکھ بھال قابل قدر ہے۔