خلاصہ
- دبئی / ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے گیارہویں دن ملک کے فضائی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق پندرہ بیلسٹک میزائل داغے گئے جن میں سے بارہ کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کر دیا جبکہ تین میزائل سمندر میں گر گئے۔
وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ اسی حملے کے دوران بھیجے گئے اٹھارہ بغیر پائلٹ طیاروں میں سے سترہ کو دفاعی نظام نے روک لیا۔ بیان کے مطابق قومی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک رہا اور متعلقہ اداروں نے فوری ردعمل کے ذریعے ممکنہ خطرات کو ناکام بنانے کے لیے کارروائی کی۔
سرکاری حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دفاعی اور سکیورٹی ادارے ملک کے فضائی دفاع اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ دفاعی نظام جدید ٹیکنالوجی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
وزارتِ دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں، حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں۔