دنیا
خلاصہ
- سری نگر:(دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوری میں فوجی آپریشن 21ویں روز میں داخل ہو گیا، ڈوری مال جنگلات میں تازہ دھماکوں اور فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تین ہفتوں سے جاری بڑے فوجی آپریشن کے باوجود بھارتی فورسز کو کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ ہو سکی،راجوری کے ڈوری مال علاقے میں محاصرہ مزید سخت کردیا گیا، سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہزاروں فوجیوں، ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور پیرا کمانڈوز کی تعیناتی کے باوجود آپریشن جاری ہے، مسلسل فوجی کارروائیوں سے مقامی آبادی خوف، بے یقینی اور مشکلات کا شکار ہیں۔
اِسی طرح گھر گھر تلاشی اور بھاری فوجی نقل و حرکت سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوا، گمبھیر مغلان کے جنگلاتی علاقے کو عملاً فوجی زون میں تبدیل کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ طویل فوجی محاصرہ علاقے میں کشیدگی اور بے چینی کا باعث بن گیا۔