خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر ہفتے کے آخر یا پیر کو دستخط ہو سکتے ہیں۔
معروف امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پوسٹ بہت مثبت ہے، اور دعویٰ کیا کہ ایران نے نجی طور پر غلط معلومات جاری کرنے پر معذرت کی ہے۔
ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کی شام تک ایران کی جانب سے اعلیٰ سطح پر معاہدہ منظور کیا جا چکا ہے، امکان ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ابھی تک اس کی منظوری نہیں دی۔
قبل ازیں صدر ٹرمپ نے ایرانی میڈیا میں امن معاہدے کی تفصیلات سامنے آنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا، اور کہا تھا کہ یہ تفصیلات جعلی ہیں، ایران نے جو شرائط میڈیا پر لیک کیں ان کا تحریری طور پر طے پانے والی شرائط سے کوئی تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے ایرانی وزیر خارجہ کا بیان بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا جس میں عباس عراقچی نے کہا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس سے پہلے کبھی اتنا قریبی اتفاق نہیں ہوا تھا۔