خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانا، بحری آمد و رفت کو جنگ سے پہلے کی سطح پر لانے کے لیے پہلا ضروری قدم ہے۔
بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز نے کہا کہ جب یہ کام ہو جائے گا تو ہم ان جہازوں اور ملاحوں کو نکالنے پر کام شروع کریں گے جو چار ماہ سے وہاں موجود ہیں۔
ارسینیو ڈومینگز نے کہا کہ روزانہ 130 جہازوں کی جنگ سے پہلے والی سطح تک بحری آمد و رفت بحال کرنے کے لئے اس کے بعد بھی مزید اقدامات کی ضرورت ہوگی تاکہ یہ اہم آبی راستہ محفوظ بنایا جا سکے، اس وقت خلیج میں 500 سے زیادہ جہاز پھنسے ہوئے ہیں جن میں ہزاروں ملاح سوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے ممالک، خاص طور پر عمان اور ایران کے ساتھ، اور ساحلی ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی خطرہ باقی نہ ہو۔
انہوں نے یہ تشویش بھی ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز سے نکلنے کی جلدی میں جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کا خطرہ ہے اور اس سے بچنے کے لئے منظم طریقہ کار کی ضرورت ہے۔