خلاصہ
- تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے اشتعال دلایا گیا تو تہران بحرین پر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ حملہ کرے گا۔
علی اکبر ولایتی نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بحرینی حکام کو سنجیدہ وارننگ دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی حدود کو پہچانیں، اپنی قسمت کے ساتھ ایسا کھیل نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ہفتہ اور جمعہ کے روز بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے اڈے کو امریکی حملوں کے جواب میں نشانہ بنایا، تہران کا مؤقف ہے کہ امریکہ خطے میں قائم اپنے فوجی اڈوں کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔
دوسری جانب خلیجی ممالک اس دعوے کی تردید کرتے ہیں، بحرین نے حالیہ ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے مواقع کو نقصان پہنچایا ہے۔
بحرین، جہاں شیعہ آبادی کی بڑی تعداد موجود ہے، نے گزشتہ چند ماہ کے دوران درجنوں افراد کو ایران کے ساتھ مبینہ فوجی روابط رکھنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا ہے۔
بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے اور ایران کے حملوں کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔