ایرانی فوج کے بحرین، اردن، شام، کویت اور قطر میں امریکی تنصیبات پر حملے

ایرانی فوج کے بحرین، اردن، شام، کویت اور قطر میں امریکی تنصیبات پر حملے

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ شام میں فوجی اڈے پر امریکی اسپیشل آپریشنز کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے، حملہ ایرانشہر میں ایرانی فوجیوں پر حملے کے جواب میں کیا گیا۔

ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے، حملے جاری رہے تو آبنائے ہرمز سے تیل اور گیس کی برآمد بند رہے گی، امریکی فوجی کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین کے سخیر بیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایران نے کویت میں بھی ڈرون حملے کیے، ایرانی ڈرون نے امریکی میزائلوں کی بیٹری کو نشانہ بنایا ہے جس سے دھوئیں کےبادلوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

کویت کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ فضائی حدود میں 32 ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان کے مطابق ایرانی حملوں کا ہدف ملک کی متعدد اہم تنصیبات تھیں، کویتی مسلح افواج نے تمام ڈرونز کو بروقت روک کر ان کے خلاف کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرونز کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ مختلف رہائشی علاقوں میں گرا، جس سے کچھ مقامات پر مالی نقصان ہوا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کویتی مسلح افواج قومی سلامتی کے تحفظ، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ہر وقت مکمل مستعد اور تیار ہیں، اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور صلاحیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتی رہیں گی۔

ادھر قطر کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوج نے میزائل حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

قطر کی وزارت دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مسلح افواج نے قطر کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو روک دیا، ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایرانی فوج کے مطابق اردن میں بھی ہوائی اڈے پر میزائل داغے گئے ہیں۔

اردنی فوج نے کہا ہے کہ فضائی حدود میں 3 ایرانی میزائلوں کو تباہ کیا ہے، میزائلوں کا ملبہ گرنے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔