خلاصہ
- واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حملوں میں درجنوں امریکی فوجی زخمی ہونے اور پینٹاگون نے نقصانات چھپائے ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں درجنوں امریکی فوجی زخمی ہوئے جب کہ متعدد ہیلی کاپٹروں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم پینٹاگون نے ان حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات عوام سے پوشیدہ رکھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تین حملے اس واقعے سے قبل ہوئے تھے جس میں جمعہ کے روز دو امریکی فوجی ہلاک جب کہ ایک لاپتا ہوگیا تھا۔
اخبار کا کہنا تھا 28 فروری سے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد اب تک 17 امریکی فوجی ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب پینٹاگون نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجیوں کی ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد ہرگز نہیں چھپائی گئی، اور ایسے دعوؤں کا مقصد امریکی عوام میں مزید تشویش پھیلانا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا نے یورپ میں تعینات اپنے ایف-16 اور جدید اسٹیلتھ ایف-35 جنگی طیاروں کو مشرق وسطیٰ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں میں اضافے کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ جرمنی سے ایف-16 اور برطانیہ سے ایف-35 طیاروں کی دوبارہ تعیناتی کا حکم گزشتہ روزکو اردن میں امریکی ایئربیس پر حملے سے قبل ہی جاری کر دیا گیا تھا۔