خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق امریکا اور برطانیہ اگلے ہفتے لندن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے ایک بین الاقوامی اتحاد کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دو یورپی سفارت کاروں اور دو باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اجلاس کی حتمی تاریخ اور ایجنڈا ابھی طے نہیں ہوا ہے تاہم امکان ہے کہ اس میں مغربی ممالک اور خطے کے بعض ملکوں کے وزرائے دفاع اور سینیئر فوجی کمانڈر شریک ہوں گے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور امریکہ کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین بھی ممکنہ طور پر شرکت کریں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اصولی طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ واشنگٹن اور لندن مشترکہ طور پر اس اجلاس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم واشنگٹن میں برطانوی سفارت خانے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
ایگزیوس کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھولنا ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے اور عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام لانے کے لیے کسی بھی امریکی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ اس کے اتحادی خطے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز، جنگی بحری جہاز اور ڈرون سمیت دیگر سازوسامان بھیجیں تاکہ جہاز رانی کے راستوں کے تحفظ میں مدد دی جا سکے۔