روس مزید 30 ہزار شمالی کوریائی فوجیوں کی تعیناتی کی تیاری کر رہا ہے: زیلنسکی کا دعویٰ

روس مزید 30 ہزار شمالی کوریائی فوجیوں کی تعیناتی کی تیاری کر رہا ہے: زیلنسکی کا دعویٰ

میڈیا رپورٹس کے مطابق زیلنسکی نے کہا کہ شمالی کوریا جنگی کوششوں کی حمایت کے لیے روس کو مزید میزائل لانچر بھی بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

صدر زیلنسکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ روس گزشتہ ماہ سے اپنے جنوب مغربی سرحدی علاقے وورونز میں شمالی کوریائی فوجیوں کے استقبال اور تعیناتی کی تیاریاں کر رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس شمالی کوریا سے مزید 30 ہزار فوجیوں کو لانا چاہتا ہے اور جون سے وورونز کے علاقے میں ان کی آمد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق شمالی کوریا بیلسٹک میزائلوں کے لیے اضافی لانچر بھی روس منتقل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

زیلنسکی نے خبردار کیا کہ یہ پیش رفت صرف یوکرین ہی نہیں بلکہ خطے اور عالمی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، شمالی کوریا کو جنگی صلاحیتیں بڑھانے، اپنے ہتھیاروں کو بہتر بنانے اور حقیقی جنگی تجربہ حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔