تیل تنصیبات پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حق رکھتے ہیں: سعودی عرب

تیل تنصیبات پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حق رکھتے ہیں: سعودی عرب

وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں عراق کی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو سعودی عرب کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے اور ایسے حملوں کی روک تھام یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز عراق کی سرزمین سے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر دو ڈرون داغے گئے تھے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے دونوں ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔

اس سے قبل جمعے کے روز سعودی افواج نے حوثیوں کے زیر انتظام یمنی شہر الحدیدہ پر حملہ کیا تھا۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

الحدیدہ کی بندرگاہ حوثیوں کے زیر انتظام علاقوں کے لیے تجارتی سامان اور امدادی اشیا کی ترسیل کا اہم مرکز سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب یمن میں سعودی حمایت یافتہ فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے خطے میں کشیدگی کی ذمہ داری حوثیوں پر عائد کرتے ہوئے بحیرۂ احمر میں جہازوں پر حملوں کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیا۔