دنیا
خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ایران اس وقت امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا، امریکی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز کی صورتحال میں تبدیلی نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، ایران اور عمان کے درمیان گزشتہ 7 سے 8 روز سے مذاکرات جاری ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ عمان کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا مقصد آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے اور اس اہم آبی گزرگاہ کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں اور تہران کی موجودہ توجہ صرف عمان کے ساتھ جاری مشاورت پر مرکوز ہے۔