خلاصہ
- لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں خطرے کی سطح بدستور شدید ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے جاری ہیں۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز سے تجارتی آمدورفت کی سطح بدستور کم ہے اور اس وقت صرف چند بحری جہاز ہی اس راستے سے گزر رہے ہیں۔
تنظیم نے اپنی تازہ ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ’ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے حملے اور ڈرانے دھمکانے کی کارروائیاں جاری ہیں، ان کارروائیوں میں بحری جہازوں سے ریڈیو کے ذریعے رابطہ کرکے ان کی شناخت کرنا، ڈرونز کی پروازیں اور تجارتی جہازوں کی نگرانی شامل ہیں۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات اس بات کا اظہار ہیں کہ ایران اہم بحری گزرگاہوں میں اپنی موجودگی قائم رکھنا اور وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
تنظیم کے مطابق براہِ راست فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جن میں بحری جہازوں کے قریب میزائل یا دیگر پرجیکٹائل فائر کرنا اور دھماکے شامل ہیں، یہ واقعات عمان کی جانب جانے والے جنوبی بحری راستوں، بالخصوص لیما، خصب اور کمزار کے علاقوں میں پیش آ رہے ہیں۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے مسلسل خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔