خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) یورپی ممالک کے سینئر سفارت کاروں کی آج امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ پالیسی عہدیدار سے ملاقات ہوگی، اس ملاقات میں اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ یورپ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے پالیسی امور کے انڈر سیکرٹری ایلبرج کولبی برسلز میں نیٹو ممالک کے سفیروں کو اس جائزے پر بریفنگ دیں گے، یورپی حکام کو خدشہ ہے کہ یورپ میں امریکی فوجی موجودگی مزید کم ہو سکتی ہے اور واشنگٹن مستقبل میں یورپ سے اپنے دفاع کے لیے زیادہ ذمہ داری لینے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔
امریکا نے جون میں یورپ میں اپنی فوجی تعیناتی کے چھ ماہ کے جائزے کا اعلان کیا تھا، امریکی انتظامیہ چاہتی ہے کہ یورپی ممالک براعظم کے دفاع کی زیادہ تر ذمہ داری خود سنبھالیں۔
اس وقت یورپ میں 80 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں جبکہ امریکا پہلے ہی بعض فوجیوں کی واپسی اور نیٹو کے دفاعی منصوبوں کے لیے مختص اپنی افواج میں کمی کا اعلان کر چکا ہے۔
یورپی حکام کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ نیٹو کے کئی اتحادی یورپ کے دفاع میں زیادہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم بعض سفارت کاروں کو خدشہ ہے کہ امریکی جائزہ یورپی ممالک کے درمیان واشنگٹن کی حمایت حاصل کرنے کی دوڑ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔