خلاصہ
- کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کے دارالحکومت کیف اور گردونواح پر روسی فضائی حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق کیف پر یہ مسلسل چھٹے روز شدید فضائی حملے ہیں، روسی فوج نے رات بھر ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے کیف کے رہائشی علاقوں اور ریلوے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔
حکام کے مطابق کیف میں 8 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر ریلوے کے کارکن تھے، دارالحکومت کے باہر بورسپِل میں رہائشی عمارت سمیت مختلف مقامات پر حملوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے، دن کے وقت ایک اور ڈرون حملے میں اپارٹمنٹ عمارت میں آگ لگنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روس نے گزشتہ ہفتے سے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے دن اور رات ڈرونز کے بڑے جتھے بھیجنا شروع کئے ہیں، ان میں بعض نئے جیٹ انجن سے چلنے والے تیز رفتار ڈرونز بھی شامل ہیں، جنہیں روکنا مشکل ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق صرف اگست میں روس نے یوکرین پر 2,800 سے زائد جیٹ پاورڈ ڈرونز استعمال کئے جبکہ جولائی میں ان کا استعمال جون کے مقابلے میں پانچ گنا بڑھ گیا تھا۔
کیف کو امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائلوں کی شدید کمی کا سامنا ہے جو روسی بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔