دنیا
خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نئے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہئے اور طاقت کے استعمال اور جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر حسین ابراہیم کو مبارکباد دی اور ان کے نئے منصب میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سیکریٹری جنرل اسلامی دنیا کو درپیش حالات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی رابطے کو فروغ دینے میں تنظیم کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔
عباس عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کے بعد خطے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہئے اور طاقت کے استعمال اور جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔