خلاصہ
- الاسکا: (دنیا نیوز) امریکی ریاست الاسکا میں سینیٹ کے انتخابات کے دوران ڈیموکریٹس پر حریف امیدواروں کے ووٹ تقسیم کرنے کے لئے امیدوار میدان میں اتارنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس سے امریکی سینیٹ کا کنٹرول طے ہونے میں کئی ہفتوں کی تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
الاسکا کے ری پبلکن گورنر مائیک ڈنلیوی نے ان الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ڈیموکریٹک امیدوار میری پیلٹولا کی انتخابی ٹیم نے ری پبلکن سینیٹر ڈین سلیوان کے ووٹ تقسیم کرنے کے لیے دو امیدواروں کو میدان میں اتارنے کی کوشش کی جن میں ایک امیدوار کا نام بھی ڈین سلیوان ہے۔
میری پیلٹولا کی انتخابی مہم نے ان دونوں امیدواروں سے کسی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے جبکہ ڈیموکریٹک سینیٹ مہم کمیٹی نے بھی ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
دوسری جانب ری پبلکن رہنماؤں نے ڈیموکریٹس پر انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میری پیلٹولا کی انتخاب لڑنے کی اہلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دینا غیر منصفانہ ہوگا۔
ٹرمپ اس سے قبل محکمہ انصاف پر زور دے چکے ہیں کہ وہ الاسکا کے حکام کو پیلٹولا کی ممکنہ کامیابی کی باضابطہ توثیق سے روکنے کے لیے قانونی کارروائی کرے۔
انتخابی قانون کے ماہرین کے مطابق محض کسی امیدوار کو ووٹ تقسیم کرنے کے مقصد سے میدان میں لانا غیر قانونی نہیں۔