مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا سے مذاکرات کیلئے حکومت کو خصوصی اختیارات دے دیے

مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا سے مذاکرات کیلئے حکومت کو خصوصی اختیارات دے دیے

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ حکومت امریکا کے ساتھ تنازع بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے سپریم لیڈر نے حکومت کو بعض خصوصی اختیارات دیے ہیں۔

ایرانی صدر نے زور دیا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی ایرانی صدر کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ سپریم لیڈر نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں حکومت کو اختیارات دیے ہیں۔

تاہم ان اختیارات کی نوعیت اور حدود واضح نہیں کی گئیں، جبکہ کسی حتمی معاہدے کا بھی اعلان نہیں ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی مذاکراتی وفد قطر میں ثالثوں سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوچکا ہے، تاہم مذاکرات سے متعلق مجوزہ معاہدے کا مسودہ زیر غور ہے اور آئندہ ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔

حکام کے مطابق ایرانی وفد کی واپسی مذاکرات کی ناکامی یا تعطل کے باعث نہیں ہوئی بلکہ مجوزہ معاہدے کے مسودے پر مزید غور و خوض کے لیے وقت لیا گیا ہے۔