خلاصہ
- ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے کمانڈر فہد السلمان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حوثی ملیشیا نے یمن کے شہر عدن کی جانب پیش قدمی کی اور حکومتی فورسز نے آبنائے باب المندب کے قریب مزید علاقوں سے انخلا کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان کو وزیرِ دفاع کا عسکری امور کا مشیر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد بن رقاد الرویلی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ مشترکہ افواج کے کمانڈر کے فرائض بھی سونپ دیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل فہد السلمان کو اگست 2024 میں یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اتحاد کی مشترکہ افواج کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا، یہ اتحاد مارچ 2015 میں یمن میں فوجی کارروائیوں کے لیے مداخلت کر چکا ہے۔
چند ہفتوں کے دوران سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی فضائی اور عسکری مدد حاصل ہونے کے باوجود یمنی حکومتی فورسز کو بھاری جانی و عسکری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور انہیں کئی بڑے علاقوں سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
یہ پیش رفت ستمبر میں حوثی ملیشیا کے اچانک حملے کے بعد سامنے آئی، جس کے نتیجے میں حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی ساحلی علاقوں اور سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کے اطراف کے علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے مکہ اور ریاض کے علاقوں کی طرف بھیجے گئے دو ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔
اس کے برعکس حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب نے 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 88 حملے کیے، جن میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔