خلاصہ
- واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ (تقریباً ساڑھے 27 سال) قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے سزا سنائی، آصف مرچنٹ پر عالمی سطح پر دہشت گردی، معاوضے کے عوض قتل کا جرم ثابت ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا تاہم آصف مرچنٹ نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو مسترد کیا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر اہم امریکی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی، ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے آصف مرچنٹ کو امریکا بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آصف مرچنٹ پر امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش اور امریکا میں دہشتگردی کی کوشش کے الزامات تھے، آصف مرچنٹ کو 15 جولائی کو امریکی ریاست ٹیکساس میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے امریکی ہٹ مین کو دینے کیلئے 5 ہزار ڈالر پاکستان سے منگوائے تھے۔
خیال رہے کہ آصف مرچنٹ کراچی کے شہری ہیں اور اس حوالے سے سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ کا کراچی میں اب تک کوئی کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اور نہ ہی ان کے پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کا پتا چلا ہے۔
امریکا نے پاکستان سے آصف مرچنٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔