ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایرانی خبر رساں ادارے اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بدھ کے روز ایرانی فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں ایک امریکی ڈرون کی موجودگی کا پتا لگایا، جس کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کو ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں نصب مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام کی مدد سے مار گرایا گیا۔ کارروائی ایران کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے تحت انجام دی گئی۔

آذربائیجان کے خبر رساں ادارے ٹرینڈ کے مطابق ایرانی فوج نے اس کارروائی کو امریکی بغیر پائلٹ طیاروں کے خلاف اپنی فضائی دفاعی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا ہے، تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس تازہ واقعے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ امریکی فوج نے 17 نومبر کو آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر حملے کیے تھے، جن میں ایرانی پاسداران انقلاب کے میزائل ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس سے قبل ایران نے بحرین میں امریکی ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ امریکا نے اپنے دفاعی نظام کے ذریعے اس حملے کو ناکام بنانے کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد سے اسے بند کر رکھا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔